اقبال کے اس مصرعہ میں بابا نانک جی کو ‘مرد کامل’ کہہ کر خطاب کیا گیا ہے۔ اقبال کے افکار میں ‘مرد کامل’ یا ‘انسان کامل’ کا ذکر جا بجا ملتا ہے۔ اس کے لیے وہ ‘مرد حق، بندہ آفاقی، مرد خدا، اور اس قسم کی بہت سی اصطلاحات استعمال کرتے ہیں، حقیقتاً یہ ایک ہی ہستی کے مختلف نام ہیں جو اقبال کے تصور خودی کا مثالی پیکر ہے۔ بابا نانک اپنی انسان دوستی، وسیع المشربی، فقر و استغنا، تجدید حیات، عشق حقیقی، حق گوئی و بیباکی اور جہد و عمل سے اس مقام پر پہنچ گئے ہیں کہ وہ واقعی مرد کامل اور بندہ آفاقی ہیں۔
بابا نانک جی کا پیغام ہمارے لئے صرف ذاتی حیثیت ہی سے نہیں بلکہ جماعتی لحاظ سے بھی بہت ضروری اور قابل قدر ہے۔ اس دیس میں جہاں ہزاروں برس سے مختلف مذہبوں کے ماننے والے بستے ہیں ابھی تک باہمی مفاہمت اور رواداری اور یکتا کی وہ روح، وہ فضا پیدا نہیں ہوسکی ہے جو ہر قسم کی مادی اور اخلاقی ترقی کے لئے پہلی شرط ہے۔ بابا گرونانک جی کی تعلیمات اور افکار سے پتا چلتا ہے کہ انہوں نے کبھی مذہبی باہمی جگڑوں اور نا سمجھوں کے بنائے اختلافات کو تسلیم نہیں کیا۔۔۔ نیچے پیش کردہ کتابوں میں آپ کو اس طرح کے کئی واقعات تفصیل سے مل جائیں گے۔۔۔
بابا گرو نانک جی کی پیدائش شہر ننکانہ صاحب، لاہور، پنجاب میں 15 اپریل، 1469 کو اور وفات 22 ستمبر، 1539 کو شہر کرتار پور میں ہوئی۔ گرونانک سکھ مذہب کے بانی اور پہلے گرو تھے۔ ان کے خیالات یقینی طور پر وحدانیت سے مستعار اور وحدت وجودی نظریات کے عین مطابق ہیں۔ ان کا یوم پیدائش گرو نانک گرپورب کے طور پر دنیا بھر میں ماہ کاتک پورے چاند کے دن، یعنی کارتک پورن ماسی کو منایا جاتا ہے۔
بابا نانک شاہ گرو جی کی اس یوم پیدائش کے موقعہ پر ریختہ نے کچھ بہترین اور معتبر اردو کتابوں کا انتخاب کیا ہے، جن میں بابا نانک کی تعلیمات، فکر و فلسفہ، ان کا کلام اور ان کی حیات و خدمات کا تفصیل سے ذکر ملتا ہے۔ آپ کو ریختہ کے اس انتخاب سے ضرور استفادہ کرنا چاہئے۔
جپ جی (کلام گرو نانک)
‘جپ جی’ گرونانک جی کا حمدیہ روحانی کلام ہے، جسے لاکھوں انسان صبح کے سہانے وقت میں اپنے خالق کے حضور میں توجہ اور شوق سے پڑھتے ہیں اور اس کے سامنے اپنے عجز کا اظہار کرکے عبد و معبود کا رشتہ استوار کرتے ہیں۔ یہ کلام گروگرنتھ صاحب کے شروع میں پوڑیوں کی شکل میں درج ہے۔ یہ ایک ایسا کلام ہے جو نانک جی کی تعلیمات کا نچوڑ ہے۔ زیر نظر کتاب “جپ جی کلام گرو نانک” زبیدہ بیگم کی ترجمہ کردہ کتاب ہے۔ اس کتاب میں جپ جی کے متن کے ساتھ اردو ترجمہ بھی پیش کیا گیا ہے۔ پہلے پوڑی کا اردو ترجمہ ہے پھر اصل پنجابی متن ہے، اس کے بعد ہر پوڑی کو اردو رسم الخط میں بھی درج کیا گیا ہے۔ کتاب کے آخر میں جپ جی کا مختصر خلاصہ پیش کیا گیا ہے، جبکہ کتاب کے شروع میں ناناک جی کی مختصر سوانح بھی موجود ہے۔ ترجمہ آسان اور عام فہم ہے۔
گرونانک
زیر نظر کتاب “گرو نانک” گور بچن سنگھ طالب کی کتاب ہے، جس کا اردو ترجمہ پریم کمار نظر نے کیا گیا ہے۔ یہ کتاب ساہتیہ اکاڈمی کی مونوگراف سیریز سلسلے کی کڑی ہے۔ جس میں مختصر مگر جامع انداز میں گروناک جی کی زندگی اور تعلیمات کو پیش کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ گرونانگ جی کی مختلف مذاہب میں جو مقبولیت اور ہم آہنگی ہے اس پر روشنی ڈالی گئی ہے، نیز آپ کی اہم تخلیقات، ان کی زبان اور اثرات کی وضاحت کی گئی ہے۔ اس کتاب میں ایک ٹائٹل گرونانک بطور شاعر ہے، جس کے تحت ان کی شاعری اور اس کی خصوصیات پر خامہ فرسائی کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ان کے سماجی شعور، ان کی ہندوستان کے لئے محبت، روحانیت کی مستی اور راہ معرفت وغیرہ پر بہترین معلومات پیش کی گئی ہیں۔
ذکر نانک
زیر نظر کتاب “ذکر نانک” اندر جیت گاندھی کی مرتب کردہ کتاب ہے۔ اس کتاب میں تقریبا پچاس نظمیں کو شامل کیا گیا ہے، جو بابا نانک کے حضور سخنوران اردو کا خراج عقیدت ہے۔ جس میں اقبال، نظیر، ساغر نطامی، سیماب اکبرآبادی، منور لکھنوی، تلوک چند محروم جیسے بڑے شعرا کی نظمیں ہیں، جن میں بابا نانک کا کردار ایک مرد کامل بن کر سامنے آتا ہے، جو امن و آتشی اور صلح کل کا علمبردار ہے۔ جس کی روحانی شعائیں مذہب و ملت کی تفریق کئے بنا یکساں طور پر پورے عالم کو منور کررہی ہیں۔
تذکرہ جناب بابا نانک
زیر نظر کتاب “تذکرہ جناب بابا نانک” صوفی غلام قاسم کی کتاب ہے۔ یہ تقریبا سو سال پرانی ہے۔ جس میں مختصرا بابا نانک کی سوانح کا ذکر ہے۔ اس کتاب میں جہاں بابا نانک کے حیات کے ضمن میں جابجا ان کی وسیع المشربی کو بیان کیا گیا۔ چونکہ آپ کا مسلک صلح کل اور مشرب صوفیانہ تھا، اس لئے آپ کی ذات انور سے کبھی کسی کی دل شکنی نہیں ہوئی، کتاب میں ان سب چیزوں کو بہت بہتر انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ کتاب میں عنوانات قائم کرکے آپ کی حیات و تعلیمات کی ایک ایک چیز کو بہت آسان زبان میں پیش کیا گیا ہے۔
نانک (منظوم سوانح گرو نانک)
زیر نظر کتاب گرونانک جی کی منظوم سوانح عمری ہے۔ جس کو قاضی محمد عبد اللہ منتظر نے انجام دیا ہے۔ ویسے تو اردو شاعری میں بابا نانک کا ذکر کثرت سے ملتا ہے، اقبال، نظیر محروم، عرش ملسیانی اور مہیندر سنگھ بیدی سحر وغیرہ نے بڑی اچھی نظمیں کہیں ہیں۔ لیکن باقاعدہ آپ کی منظوم سوانح نگاری جس میں واقعات و تواریخ کی صحت کا خیال رکھا گیا ہوں، ایک بڑا کارنامہ ہے۔ یہ سوانح نگاری مثنوی ہیئت کی شکل میں ہے، تمام واقعات کے عنوانات قائم کر کے واقعات کو درج کیا گیا ہے۔ آپ کی زندگی، تعلیمات اور افکار کو بہت ہی منظم طریقہ سے پیش کیا گیا ہے۔ نظم کی زبان آسان اور عام فہم ہے، اگر کوئی مشکل لفظ در آیا تو حاشیہ میں اس کے معانی درج کردئے گئے ہیں۔
بابا نانک: حیات و جپ جی
زیر نظر کتاب “بابا نانک حیات و جپ جی” کالا سنگھ بیدی کی کتاب ہے۔ جب 1969 میں بابا نانک کا پانچ سو سالہ یوم پیدائش منایا گیا، اس موقعہ پر ہندی، پنجابی اور انگریزی وغیرہ زبانوں کے علاوہ اردو میں بھی آپ کی حیات اور ملفوظات کو منظم طریقے سے سامنے لایا گیا، یہ کتاب اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ کتاب میں گرونانگ کی مکمل زندگی کا نقشہ پیش کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ بابا نانک کی اصل زندگی ان کے کلام مقدس سے ابھرتی ہے۔ اسی لئے کتاب میں پہلے دو ابواب کے علاوہ زیادہ تر آپ کے کلام اور ملفوظات و ارشادات پر زور صرف کیا گیا ہے۔ آپ کے کلام ‘جپ جی’ کی تشریح کرتے ہوئے جابجا اقبال کے وہ اشعار جو ان کے فلسفہ خودی اور مرد کامل کی تشریح میں ہیں، پیش کئے ہیں، جس سے مطالعہ بہت دلچسپ ہوگیا ہے۔ زبان بالکل عام فہم اور سادہ ہے۔
ریختہ ای بکس دنیا کی سب سے بڑی اردو ڈیجیٹل لائبریری ہے، جس میں اب تک تقریباً دیڑھ لاکھ کتابیں دستیاب ہو چکی ہیں۔ اور یہ سلسلہ بڑھتا ہی جارہا ہے۔’ریختہ ای بکس’ میں ہر رنگ اور حظ کی کتابیں موجود ہیں۔ ریختہ نے اپنے قارئین کی سہولت کے لئے مخصوص کلکشن اور موضوعات بھی ترتیب دئے ہیں، جہاں مختلف اصناف کی سب سے بہتر کتابیں پڑھنے کے لئے ہر وقت دستیاب ہیں۔ آپ ‘ریختہ ای بکس’ لائبریری پر تشریف لائیں، کتابوں کو پڑھیں، اپنی پسند کا اظہار کریں اور اپنے مفید مشوروں سے نوازیں۔
NEWSLETTER
Enter your email address to follow this blog and receive notification of new posts.